اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سیلاب متاثرین کے لیے ٹیلی تھون اور جلسوں میں فنڈ ریزنگ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی قیادت کا اجلاس ہوا، جس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جو تمام صوبوں میں متاثرین تک فنڈز پہنچائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان سیلاب متاثرین کےلیے ٹیلی تھون اور جلسوں میں فنڈ ریزنگ کریں گے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک فلڈ ریلیف سرگرمیوں کے ساتھ چلتی رہے گی، پیر کو سیلاب متاثرین کےلیے فنڈ اکٹھا کرنے کےلیے ٹیلی تھون کروں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹائیگرز کو امدادی کاموں کےلیے رضا کارانہ طور پر متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے تحت کمیشن امداد سیلاب متاثرین تک پہنچائے گا۔