عمران خان کے حکم پر عمل، قائمہ کمیٹیوں سے پہلا استعفیٰ آگیا

عمران خان کے حکم پر عمل، قائمہ کمیٹیوں سے پہلا استعفیٰ آگیا
کیپشن: عمران خان کے حکم پر عمل، قائمہ کمیٹیوں سے پہلا استعفیٰ آگیا

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کے حکم کے بعد پہلا استعفیٰ سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رکن قائمہ کمیٹی فیصل امین خان نے قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا، رہنما پی ٹی آئی اقتصادی امور، فوڈ سیکیورٹی، پارلیمانی ٹاسک فورس کمیٹیوں سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین نے بانی کی ہدایت پر اپنا استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگرا کو بھجوا دیا۔ فیصل امین خان نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ بھی سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ارکان کو بھی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا پیغام بھجوا دیا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر قائمہ کمیٹیوں سے مزید ارکان کے مستعفی ہونے کا بھی امکان ہے۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد بانی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ خان صاحب نے پارٹی ارکان کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے فوری مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ ملاقات میں بھائی نے میرے بچوں کے حوالے سے پوچھا کہ کیا انہیں بھی جیل میں ڈالا گیا ہے؟

Watch Live Public News