(ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے نئی مہم ’جائی للعمرہ‘( عمرہ روانگی) کا آغاز کردیا ہے،جس کا مقصد خدمات، رہنما اصولوں اور مناسب طرز عمل کے بارے میں آگاہی کو بڑھایا جا سکے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہم کا مقصد عمرہ زائرین کے مجموعی تجربے کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔ یہ اقدام عمرے کے سفر کو آسان اور بہتر بنانے کیلے وژن 2030 کے اہدف کے مطابق ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ماہ رمضان کے عمرہ سیزن کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ماہ رمضان میں دنیا بھر سے سب سے زیادہ عمرہ زائرین مملکت کا رخ کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس 1447 ہجری کے آغاز سے اب تک بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزارتِ حج وعمرہ کی مہم ’جائی للعمرہ‘ رمضان کے اختتام تک جاری رہے گی۔
اس مہم کے دوران زائرین کو اہم معلومات ومسائل کے بارے میں ڈیجیٹل آگاہی فراہم کی جائے گی جس میں مملکت آمد سے لے کر بحفاظت اپنے ملک واپسی تک کے تمام مراحل کو یکجا کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ایئرپورٹ، بارڈر کراسنگ، ٹرانسپورٹ سٹیشنز، حرمین شریفین میں رہائشی مراکز، تاریخی و ثقافتی مقامات کے بارے میں معلومات و رہنمائی 6 سے زیادہ زبانوں میں مہیا کی جائے گی۔