ساؤتھ ایئر کا قومی قیادت سے اظہارِ تشکر، علاقائی فضائی رابطوں کے فروغ کا عزم

ساؤتھ ایئر کا قومی قیادت سے اظہارِ تشکر، علاقائی فضائی رابطوں کے فروغ کا عزم

(ویب ڈیسک) ساؤتھ ایئر نے پاکستان کے دور دراز اور طویل عرصے سے فضائی سہولتوں سے محروم علاقوں کے لیے تجارتی پروازوں کے آغاز پر قومی قیادت، وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی فضائی رابطوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں وزیرِاعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،  وزارتِ دفاع اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا، جن کے تعاون اور سازگار پالیسیوں کے باعث ساؤتھ ایئر کو پاکستان کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں اپنی تجارتی پروازوں کا آغاز ممکن ہو سکا۔

بیان میں حکومتِ بلوچستان، حکومتِ خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے عوام کی حمایت اور تعاون کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے فضائی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی۔

ساؤتھ ایئر کا کہنا ہے کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور دیگر کم سہولیات یافتہ علاقوں کے عوام کی جانب سے ملنے والا اعتماد اور بھرپور پذیرائی اس کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ ایئرلائن کے مطابق اس نے شہری مراکز اور دور دراز علاقوں کے درمیان کئی دہائیوں سے موجود فضائی رابطوں کے خلا کو پُر کرنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ساؤتھ ایئر محفوظ، قابلِ اعتماد اور نسبتاً کم لاگت فضائی سفر کی سہولت فراہم کرتے ہوئے علاقائی معیشت، سیاحت، تجارت، صحت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ایئرلائن نے مزید بتایا کہ ابتدائی آپریشنز کی کامیابی کے بعد اپنے فضائی بیڑے میں مزید طیارے شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقائی فضائی رابطوں کو مزید وسعت دی جا سکے۔

ساؤتھ ایئر کے مطابق آئندہ مرحلے میں چترال، اسکردو، گلگت، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفرآباد، راولاکوٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے دیگر دور افتادہ شہروں کو بھی اپنے فضائی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ساؤتھ ایئر حکومتِ پاکستان کے جامع قومی ترقی کے وژن کی حمایت جاری رکھتے ہوئے ملک کے ہر خطے تک قابلِ اعتماد فضائی سفری سہولتیں پہنچانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ کاروبار، سیاحت، تعلیم، علاج اور مقامی معیشت کو فروغ مل سکے۔

Watch Live Public News