(ویب ڈیسک) ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیلی قابضین قوت و غیر قانونی آبادکاروں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ کے مذہبی، تاریخی اور قانونی مقام کو کمزور کرنے کے حالیہ اشتعال انگیز اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کاکہنا ہے کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، یہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، یہ اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، مقدس مقامات کے تقدس اور تاریخی حیثیت کے تحفظ پر زور دیتا ہے، پاکستان اسرائیل کو مزید اشتعال انگیزیوں سے باز رکھنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان، غزہ میں فلسطینی شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کی بھی سخت مذمت کرتا ہے، اسکول پر حالیہ حملہ، جہاں بے گھر خاندان پناہ لیے ہوئے تھے، اسرائیلی جارحیت اور بے لگام ظلم کی ایک اور مثال ہے،حملے کے بعد سامنے آنے والی دل دہلا دینے والی تصاویر، جن میں درجنوں افراد، خصوصاً بچے شہید ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہونی چاہئیں،ان حملوں کو فوری طور پر بند کیا جائے،اسرائیل کو ان سنگین جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور مسلسل فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے، ایسی فلسطینی ریاست جو القدس الشریف بطور دارالحکومت 1967 سے پیشگی سرحدوں پر مشتمل ہو۔