ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان اڈیالہ جیل میں موجود ہیں اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ ان کی طبی نگہداشت باقاعدگی سے کی جاتی ہے اور ان کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
پی ٹی آئی کا سخت ردِعمل
عمران خان کی خیریت سے متعلق سوشل میڈیا اور غیر ملکی ذرائع میں گردش کرتی افواہوں پر پی ٹی آئی نے شدید ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا تھا کہ افغان اور بھارتی میڈیا کی جانب سے عمران خان کی صحت کے بارے میں گمراہ کن اور گھناؤنی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی نے حکومت اور وزارتِ داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان افواہوں کی تردید کریں اور عمران خان کی فیملی سے فوری ملاقات کروائی جائے۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت اور سلامتی پر شفاف سرکاری بیان جاری کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ افواہیں پھیلانے والوں کی تحقیقات کی جائیں اور حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں، کیونکہ قوم اپنے قائد کے حوالے سے کسی بھی قسم کے ابہام کو قبول نہیں کرے گی۔