ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں کل آمنے سامنے ہوں گی۔ اس فیصلہ کن میچ سے قبل کھلاڑی ہاردک پانڈیا اور ابھیشیک شرما ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔
بھارتی بولنگ کوچ مورنے مورکل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑے اور فیصلہ کن میچ سے قبل بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور بلے باز ابھیشیک شرما کی فٹنس پر تشویش کا اظہار کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف پہلا اوور کروانے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے۔ انہوں نے بقیہ اننگز میدان سے باہر گزاری۔
دوسری جانب بھارتی کھلاڑی ابھیشیک شرما 9ویں اوور میں اپنی دائیں ران پکڑتے نظر آئے۔ تاہم، 10ویں اوور میں ہیمسٹرنگ کا شکار ابھیشیک شرما واک آؤٹ کر گئے اور سری لنکا کی اننگز کے دوسرے ہاف میں میدان سے باہر رہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کی انجری کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھیشیک شرما کے ایشیا کپ کا فائنل میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کا امکان ہے۔ جبکہ ہاردک پانڈیا کے حوالے سے حتمی فیصلہ 27 ستمبر بروز ہفتہ کو کیا جائے گا۔