آخری خاندان کی بحالی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے ، وزیراعظم

آخری خاندان کی بحالی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے ، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ آخری خاندان کی بحالی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے، غلط اور جھوٹے الزامات لگا کر قوم کو دھوکہ نہ دیا جائے، اب صرف نعروں اور تقریروں سے کام نہیں چلے گا، عملی اقدامات کرنے ہوں گے. وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ ضلع جعفر آباد کے گائوں اللہ دینو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ ماضی کی طرح مشکل حالات میں اپنے بھائیوں کی مدد کریں، پاک افواج دن رات امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں. انہوں نے کہا سیلاب سے پورے ملک میں تباہی مچی ہے تاہم سندھ اور بلوچستان سیلاب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، پرسوں خیبر پختونخوا میں سوات اور دیر ، کالام کے علاقے تباہی کا شکار ہوگئے، دریا پر تعمیر کئے گئے گھر اور ہوٹل آناً فاناً دریا برد ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 1000 سے زیادہ افراد اللہ کو پیارے ہو چکے ہیں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب 2010 ء کے سیلاب سے کہیں زیادہ ہے، بہت زیادہ پانی ہونے کی وجہ سے مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر نگرانی ان کی ٹیم اور اتحادی حکومت کے اراکین دن رات عوام کی خدمت میں مشغول ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام ٹرکوں کے حساب سے اپنے مصیبت میں مبتلا بھائیوں کیلئے سامان بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اس طرح کا سیلاب نہیں دیکھا جس سے دیہات سے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں، ہزاروں اموات ہوئی ہیں اور کروڑوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں جبکہ مکانات بھی گر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں متاثرین سیلاب کو 25 ہزار روپے فی خاندان فراہم کرے گی اور جو 38 ارب روپے بنتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔