محمد عباس نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا

محمد عباس نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا
کیپشن: محمد عباس نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ اوسط کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لینے والے محمد عباس نے دوسری اننگز کا بھی شاندار آغاز کیا۔ انہوں نے اپنے تیسرے اوور میں برینڈن کنگ اور کیوم ہوج کو پویلین بھیجا، جبکہ بعد ازاں جسٹن گریوز کی وکٹ بھی حاصل کی۔

ان تین وکٹوں کے ساتھ محمد عباس کی ٹیسٹ کرکٹ میں بولنگ اوسط 22.69 ہو گئی، جس کے بعد انہوں نے پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کا 22.81 کی اوسط کا دیرینہ قومی ریکارڈ توڑ دیا۔ یوں محمد عباس کم از کم 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولرز میں بہترین بولنگ اوسط رکھنے والے بولر بن گئے ہیں۔

محمد عباس نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 30 ٹیسٹ میچوں میں 116 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ عمران خان نے اپنے کیریئر کے 88 ٹیسٹ میچوں میں 362 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

کم از کم 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولرز کی بہترین بولنگ اوسط:

محمد عباس: 30 ٹیسٹ، 116 وکٹیں، اوسط 22.69
عمران خان: 88 ٹیسٹ، 362 وکٹیں، اوسط 22.81
وقار یونس: 87 ٹیسٹ، 373 وکٹیں، اوسط 23.56
محمد عباس نے ایک اور اہم اعزاز بھی اپنے نام کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں بیرونِ ملک 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے۔ اس سے قبل یہ اعزاز وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل کے پاس تھا، تاہم ان تمام بولرز میں محمد عباس کی بولنگ اوسط سب سے بہتر ہے۔

دوسری جانب ٹروبا میں کھیلا جا رہا پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہے۔

Watch Live Public News