ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا ایک معروف موجودہ کھلاڑی جنسی زیادتی کے سنگین الزام کی زد میں آ گیا ہے، غیرملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون نے کرکٹر پر مارچ 2023 میں زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ واقعے کے وقت خاتون کی عمر محض 18 برس تھی۔
متاثرہ لڑکی کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تحقیقاتی ادارے کیس کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی سے رقم نہیں لی بلکہ صرف اپنی بیٹی کے لیے انصاف کی خواہاں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کرکٹر خود پولیس اسٹیشن پہنچا تھا، جہاں اسے ابتدائی طور پر ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس سے قبل بھی اسی کرکٹر پر نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کا ایک اور کیس سامنے آ چکا ہے۔
فی الوقت معاملہ پولیس کی تحقیقات کے مراحل میں ہے اور مکمل قانونی عمل جاری ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ابھی تک انہیں سرکاری طور پر کسی نے رابطہ نہیں کیا، اس لیے وہ اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دے سکتے۔