ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخ رقم کردی۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے، کاروبار کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں مارکیٹ میں کروڑوں کے شیئرز کی فروخت ہوئی۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس نے 1200 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرلی، اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 500 پوائنٹس پر ٹریڈنگ کررہا ہے۔
دو روز قبل سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں 3500 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم گزشتہ روز سیاسی صورتحال بہتر ہونے کے بعد 100 انڈیکس میں 4500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور پھر انڈیکس 99 ہزار 239 پوائنٹس کر جا کر بند ہوا۔
معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے۔ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیز درست سمت میں گامزن ہیں۔ اس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئےگی۔
یاد رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے 17 ماہ میں 40 ہزار پوائنٹس سے ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔
وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد:
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ پوائنٹس سے تجاوز پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاؤنگا۔ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے۔ ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے۔ ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اظہارتشکر
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اظہار تشکر کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا کی بیسٹ پرفارمنگ ایکوئٹی مارکیٹ کادرجہ حاصل کر چکی ہے۔ الحمدُللّہ، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج نئی تاریخ رقم ہوئی- سٹاک مارکیٹ کی بلندی و تیزی سمیت ہر تاریخی کام، ہر ریکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتا ہے-
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور انکی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں- سٹاک مارکیٹ کا لاکھ پوائنٹ عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک نے نہ صرف استحکام حاصل کیا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ سٹاک مارکیٹ کا یہ ریکارڈ سرمایہ کاروں کے غیرمتزلزل اعتماد، اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد دلیل ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی پالیسیز بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ثابت ہو رہا ہے۔ مسلم لیگ ن نے سٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوانے بلکہ موثر پالیسی سے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرایا-