ویب ڈیسک: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی تزویراتی، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں تینوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور 31 اگست 2026 کو استنبول اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونے والے گزشتہ اجلاسوں کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سعودی عرب میں دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں اراکین کا مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے، کشیدگی میں کمی کی حمایت کرنے اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت، اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کی سلامتی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں اجتماعی دفاعی صلاحیتوں اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے دفاعی صنعت، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کا عہد کیا گیا۔