بھارت کا پہلگام حملے پر رچایا ڈرامہ بے نقاب، فوجی ترجمان نے ثبوت پیش کردیے

بھارت کا پہلگام حملے پر رچایا ڈرامہ بے نقاب، فوجی ترجمان نے ثبوت پیش کردیے

ویب ڈیسک:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری کی اہم پریس کانفرنس، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو اسپانسر کررہا ہے، 25اپریل کو بھارتی دہشت گرد عبدالمجید کو گرفتار کیا گیا، پہگام واقعے کے 7 دن بعد بھی بھارت کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا ، بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کرانے کے ثبوت پیش کردیے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کے پاکستان پر دہشتگردی سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں، پہلگام حملے کو 7 روز ہوگئے اور ابھی تک وہاں پر صرف زبانی جمع خرچ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو آپریٹ کرتا ہے، 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ ایک دہشتگرد جہلم بس اڈے سے پکڑا گیا۔ گرفتار شخص مجید کے گھر سے بھارتی ڈرون برآمد ہوا، جبکہ 10 لاکھ روپے کیش بھی ملے،  گرفتار شخص کے موبائل فون سے بھارت میں ہونے والی گفتگو پکڑی گئی، ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، بھارت دہشتگردوں کو اسلحہ سمیت دیگر سہولت کاری بھی فراہم کرتا ہے،  گرفتار شخص کی بھارتی فوج کے صوبیدار سے ہونے والی گفتگو پکڑی گئی، جس میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

میجر جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کے دوران بھارتی فوج کے آفیسر کی دہشتگرد سے ہونے والی گفتگو بھی سنائی جس میں وہ پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ہدایات دے رہا ہے۔ اور کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کی لاشیں چاہیے، ایسی کارروائی کرو کہ میڈیا پر رپورٹ ہو اور نظر آئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں دکھایا کہ بھارت فوج کا آفیسر پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ویڈیو پر تربیت دے رہا ہے، اور بتا رہا ہے کہ ڈیوائس کیسے استعمال کرنی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں اسکرین پر مزید دہشتگردوں کی تفصیلات بھی بتائیں، اور کہاکہ 4 کردار اس سیل کو چلا رہے ہیں، جس میں حاضر سروس میجر سندیب ورما جس کی شناخت (سمیر) کے نام سے ہے وہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، اس کے علاوہ صوبیدار سخوندر، حوالدار امت اور بھارتی فوج کے یونیفارم میں ایک اور شخص بھی موجود ہیں۔ پکڑے جانے والے دہشتگرد مجید نے پاکستان میں دہشتگردی کی 47 کارروائیاں کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے آئی ای ڈیز ڈرون کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں، ثبوت سامنے آگئے ہیں کہ کس طرح بھارت پاکستان میں شہریوں اور فوج پر حملوں کے لیے دہشتگردوں کو بارود فراہم کررہا ہے۔

 بھارتی فوج کے آفیسر اور دہشتگرد کے درمیان ہونے والی گفتگو میں بھارتی فوج کا آفیسر کہتا ہے کہ میں نے بلوچستان سے لے کر لاہور تک دہشتگردی کرنی ہے، پھر اس کے لیے وہ دہشتگرد کو ہدایات دیتا ہے۔‘

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد کو ایک لاکھ 80 ہزار روپے فراہم کرنے کی تفصیل بھی بتائی۔ اس کے علاوہ گزشتہ دنوں آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں پیش آنے والے واقعے پر بھی بریفنگ دی، جس میں پاک فوج کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ دراصل بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے پیچھے ان کا کنٹرولڈ میڈیا اور سوشل میڈیا ہے، جس کی جھلک ابھی بھی سب دیکھ رہے ہیں کہ دہشتگردی کا واقعہ کرو اور پھر اس کو مزید اچھالو تاکہ دنیا کو یہ بتایا جائے کہ پاکستان میں دہشتگردی ہے۔

Watch Live Public News