آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کریں۔ ویڈیو پیغام میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے میری، حکومت پاکستان اور عوام کی گزارش ہے کہ سیلاب سے جو لوگ مشکل میں ہیں ان کی مدد کو آگے آئیں۔ یقین ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن میں موجود بہن بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے۔‘ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’میں چند دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کررہا ہوں، کل میں نے بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا کا دورہ کیا جبکہ آج میں خیر پور سندھ آیا ہوں، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے۔‘ انہوں نے مخیر افراد سے اپیل کی وہ جس طرح سے بھی مدد کرنا چاہتے ہیں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کریں تاکہ ان کی دوبارہ آبادکاری کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے وسائل محدود ہیں۔ https://twitter.com/mugheesali81/status/1563965367910912003?s=20&t=hgMfvvdbat5PVPJ2jbJOMA جنرل قمر جاوید باجوہ نے بتایا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن اب تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے دوست ممالک کے بارے میں امید ظاہر کی کہ وہ بھی پاکستان کی مدد کو آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں اپیل کرتا ہوں اپنے تمام پاکستانی مخیر حضرات سے کہ وہ اس مشکل حالات میں اپنے ان بھائیوں کی جو اس وقت بہت ہی مشکل حالات میں ہیں، ان کی مدد کریں۔ پاکستان فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاکستان آرمی، نیوی، ایئرفورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے لیکن اس سال سیلاب بہت بڑے پیمانے پر آیا ہے جس کو ٹھیک ہونے میں، لوگوں کو ریلیف دینے اور دوبارہ آباد کرنے میں بہت سال لگ جائیں گے۔