ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا اسمبلی میں سپیکر کیلئے سنی اتحاد کونسل کے بابرسلیم سواتی منتخب ہوگئے ، نومنتخب سپیکر نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں نومنتخب سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم سواتی نے حلف لیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں سپیکر کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ حاصل کرکے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں ان کے مدمقابل اپوزیشن کے احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ حاصل کیے۔
اس موقع پر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کاکہنا ہے کہ کل ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 106ہے، کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔
بابر سلیم سواتی ایبٹ آباد پی کے 53 سے 35 ہزار 213 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، وہ پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار تھے اور بعدازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے۔
قبل ازیں دو نو منتخب اراکین عبدالمنعم اور لئیق شاہ نے حلف اٹھا لیا۔
گزشتہ روز 5 مخصوص نشستوں پرخواتین سمیت 116 نے حلف اٹھایا تھا، آج دو اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا جس کے بعد ارکان کی تعداد 118 ہوگئی ہے ۔
ایوان میں جنرل نشستوں پر منتخب ممبران کی تعداد 113 ہے ، صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پر انتخابات ملتوی ہیں ، خیبر پختونخوا اسمبلی میں جنرل نشستوں کی مجموعی 115 ہے۔
ڈپٹی سپیکر کے لیے سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی کا مقابلہ اپوزیشن پی ٹی آئی پی کے امیدوار ارباب وسیم سے ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ممبران کی تعداد 87 ہیں، 6 ممبران آزاد حیثیت سے اسمبلی میں موجود ہیں، خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی تعداد 25ہے۔