ویب ڈیسک: ہندو مذہبی جذبات مجروح کرنے اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں مانے جانے والے چوونڈی دیوا کی روایات کی توہین کے الزامات کے تحت معروف بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کے خلاف بنگلور (کرناٹک) کے ایک پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ کے خلاف یہ شکایت بنگلور کے وکیل پرشانت میتھل کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اداکار نے گوا میں منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے دوران فلم کے ایک دیوا سین کی نقل کرتے ہوئے نہ صرف مذہبی روایت کی توہین کی بلکہ چوونڈی دیوا کو خوفناک عورت کے طور پر پیش کیا۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ چوونڈی دیوا کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں ایک مقدس دیوتا کے طور پر انتہائی احترام کا حامل ہے اور اس طرح کی پیشکش ہندو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ساتھ ساتھ سماجی نفرت کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔
یہ مقدمہ ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے، جس کی اگلی سماعت 8 اپریل کو مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسی نوعیت کی ایک شکایت درج کی جا چکی تھی، جس کے بعد رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر وضاحتی معافی نامہ جاری کیا تھا۔