ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی وزیروں کی اشتعال انگیز کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ان کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت فوری روکی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا غزہ پر غیر قانونی اور غیر انسانی محاصرہ عالمی ضمیر کے لیے سوالیہ نشان ہے، جسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔
عاصم افتخار نے اسرائیلی بمباری کی تباہ کاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ"اب تک ہزاروں معصوم فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسپتال تباہ ہو چکے ہیں، غذائی قلت نے بحران کو سنگین بنا دیا ہے، جبکہ لاکھوں لوگ امداد سے محروم ہیں۔"
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی ناقابل قبول ہے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فلسطینی عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دے، اور انسانی امداد کی فوری فراہمی یقینی بنائے۔
انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ فلسطین کے مسئلے کو محض انسانی بحران نہیں، ایک اصولی اور اخلاقی جنگ کے طور پر دیکھا جائے، جہاں مظلوموں کی حمایت عالمی ذمہ داری ہے۔