لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں سپیکر قومی اسمبلی کے ذریعے وزیراعلیٰ کا حلف کرانے کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر اعتراض لگ گیا۔ لاہور ہائیکورٹ آفس نے تحریک انصاف کے اراکین کی اپیل پر اعتراض عائد کر دیا۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے فیصلے کی مصدقہ نقول لف نہ کرنے کا اعتراض عائد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف کرانے کے فیصلے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ میں یہ اپیل تحریک انصاف کے 17 اراکین نے اظہر صدیق اور رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے۔ انٹرا کورٹ اپیل میں وفاقی اور صوبائی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ اپیل کنندگان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن پر ہاؤس میں مسلم لیگ ن نے پولیس کو داخل کرایا۔ اس الیکشن میں تحریک انصاف کے اراکین کی پارٹی کے خلاف جانے کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں جبکہ اس کا 29 اپریل کا حکم آئین کے مطابق نہیں ہے۔ لارجر بنچ سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔