ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پہلگام واقعہ سے جڑے بے بنیاد اور خود ساختہ الزامات کو بنیاد بنا کر بھارت، پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ، بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے۔ پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔پاکستان دُنیا میں کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے سچائی کا پتہ لگانے اور اس کے محرکات جاننے کے لئے کھلے دل سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا جو کہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہو گا ۔غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کے لیے بڑا ثبوت ہے۔ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جان بوجھ کر عوامی جذبات کو بھڑکا کر اس طرح فیصلے کرنا بدقسمت اور افسوسناک ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس بات کا واضح اعادہ کرتا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جنگ سے ہونے والے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری صرف اور صرف بھارت پر عائد ہو گی۔پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔