(ویب ڈیسک ) ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہر محاذ پر کسی بھی خطرے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ہم نے جوابی کارروائی کے تمام اقدامات مکمل کرلیے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی خودمختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہے، قومی سلامتی کونسل کا اعلامیہ آچکا، تمام جماعتوں کا عزم ہے کہ کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے۔بار بار بھارت کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان کو آزمانا نہیں ۔یہی بات 2019 میں بھارت کو بتا دی تھی ، بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ چنا تو یہ انکی چوائس ہوگی۔آگے یہ معاملہ کدھر جاتا ہے یہ پھر ہماری چوائس ہوگی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری نے کہا کہ ہم اس واقعے کے حقائق پر جائیں گے الزامات پر نہیں ۔پہلگام واقعہ لائن آف کنٹرول سے 230 کلو میٹر دور ہوا جائے وقوعہ سے اگر کوئی پولیس اسٹیشن جاتا ہے تو 30 منٹ لگتے ہیں ،10 منٹ میں کیسے ممکن ہے کہ کوئی ایف آئی آر درج ہو جائے۔10 منٹ میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں ہینڈلر جیسے لفظ استعمال کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پہلگام واقعے کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔چھٹی سنگھ پورہ ، پلواما جیسے واقعات کو بھارت نے سیاسی طور پر استعمال کیا۔اطلاعات ہیں بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں مارا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارت خود ایک دہشتگرد ریاست ہے جو پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے۔پاکستان پر الزام لگا، کریٹ لو، الیکشن جیتو ، یہ ہے ان کا مقصد۔بھارت بے گناہ شہریوں کو قتل کر کے دراندازی کا الزام لگاتا ہے۔بلوچستان میں سرینڈر کرنے والوں نے بتایا کہ کیسے بھارت انہیں اسپانسر کر رہا تھا۔ بلوچستان میں دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔عالمی برادری کو بھارت کی پاکستان میں ریاستی دہشتگردی کو دیکھنا ہوگا۔