اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف سے یورپین کونسل کے صدر عزت مآب چارلس مشیل نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ای یو کونسل نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے صدر کا اظہارِ ہمدردی اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے یورپی یونین کی جانب سے 2.15 ملین یورو کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ یورپی یونین کے صدر کو غیرمعمولی بارشوں سے پاکستان بھر میں ہونے والی وسیع پیمانے پر تباہی سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے انسانی جانوں، روزگار، مویشیوں، فصلوں، نجی املاک اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ دو ماہ سے زائد سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ وزیر اعظم نے یورپی یونین کے صدر کو حکومت کی سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو اور امدادی کاروائیوں سے بھی آگاہ کیا جس میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں خوراک، ادویات اور امدادی سامان کی فوری ترسیل اور تقسیم شامل ہے۔ حکومت نے ملک بھر کے لوگوں کے لیے ایک ریلیف فنڈ بھی قائم کیا ہے اور بیرون ملک مقیم لوگوں کے لیے سیلاب کی امدادی کوششوں میں عطیات دینے کے انتظامات کیے ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ "اقوام متحدہ کی فلیش اپیل" 30 اگست 2022 کو شروع کی جا رہی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی طرف سے اعلان شدہ فنڈنگ کو پورا کرنے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔