دریائے ستلج میں طغیانی، چشتیاں میں بند ٹوٹنے سے سیلابی صورتحال سنگین

دریائے ستلج میں طغیانی، چشتیاں میں بند ٹوٹنے سے سیلابی صورتحال سنگین
کیپشن: دریائے ستلج میں طغیانی، چشتیاں میں بند ٹوٹنے سے سیلابی صورتحال سنگین

ویب ڈیسک: دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے کے باعث چشتیاں اور گردونواح کے علاقے شدید سیلابی صورتحال سے دوچار ہیں۔ متعدد بند ٹوٹنے کے بعد پانی گھروں اور آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے جس سے درجنوں بستیاں زیر آب آ گئی ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں بستی میروں بلوچاں، موضع عظیم، قاضی والی بستی، بستی شادم شاہ اور دلہ عاکوکا شامل ہیں جہاں مکینوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق کئی گھروں کی دیواریں گر چکی ہیں اور رہائشی اپنی جانیں بچانے کے لیے کھلے آسمان تلے پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کشتیوں اور دیگر ذرائع سے متاثرین کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ اب تک درجنوں افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا چکا ہے تاہم کئی دیہات ایسے بھی ہیں جہاں تک رسائی انتہائی مشکل ہوچکی ہے۔

سیلابی ریلے کے باعث گنے اور تل کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہونے کے خدشات ہیں جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پانی کی سطح میں کمی نہ آئی تو فصلوں کی تباہی سے خوراکی قلت بھی پیدا ہوسکتی ہے۔

انتظامیہ نے فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں اور عوام کو اعلانات کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح آج مزید بلند ہوسکتی ہے اور مزید بند ٹوٹنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوں اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔

Watch Live Public News