(ویب ڈیسک ) پنجاب میں جنوری کے دوران نمونیہ سے انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 275 ہوگئی۔
سردی میں نمونیہ کے بچوں پر وار جاری ہیں ۔ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب سے 14 بچوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔ پنجاب میں جنوری کے دوران نمونیہ سے انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 275 ہوگئی۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ انتقال کرنے والے 2 بچے کا تعلق لاہور سے ہے، گجرانوالہ سے 4، بہاولپورسے 4،منڈی بہاالدین سے 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق شیخوپورہ اور راولپنڈی سے نمونیہ میں مبتلا ایک ایک بچہ انتقال کرگیا۔
پنجاب سے 24 گھنٹوں کے دوران 872 بچے نمونیہ میں مبتلا ہوئے، جنوری کے دوران پنجاب سے 16,203 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔لاہور سے ایک روز کے دوران 202 بچے نمونیہ کے مرض میں مبتلا ہوئے۔ جنوری کے دوران لاہور سے2903 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو سردی سے بچائیں، حفاظتی ٹیکوں کا کورس لازمی مکمل کروایا جائے۔