ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے یکم اپریل سے دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ اسکولز ہفتے میں پانچ دن کام کریں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو ہفتے میں تین یا چار دن کھولنے کا ہائبرڈ نظام قابلِ عمل نہیں، اس لیے مکمل شیڈول کے تحت کلاسز بحال کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میٹرک امتحانات کے 246 مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر کے مطابق تعلیمی کیلنڈر میں بھی تبدیلی کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ سال امتحانات دینے والے طلبہ کو مکمل وقت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاسز کے دوران طلبہ کے لیے لیکچرز پر بھرپور توجہ دینا مشکل ہوتا ہے۔
رانا سکندر حیات نے مزید بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں 70 فیصد مفت درسی کتب فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی کتب کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے۔