پاکستان کا افغانستان میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ

پاکستان کا افغانستان میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) پاکستان  نے افغانستان میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا  ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 19 اپریل کو اُن کے کابل دورے کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی مثبت پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ  مثبت تعلقات کے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ   پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کابل میں ناظم الامور کو ترقی دے سفیر تعینات کیا جائے گا،

اسحاق ڈار نے بیان میں کہا کہ  اُنہیں اعتماد ہے کہ اس اقدام سے پاکستان اور افغانستان دو برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی میں اضافہ ہو گا، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ ملے گا، سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی، تجارتی تعاون اور  دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں میں اضافہ ہو گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات بڑھانے اور سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News