ویب ڈیسک: حکومت نے ایوی ایشن سیکٹر کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کمی کے بعد جیٹ فیول کی نئی قیمت 283 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایندھن کسی بھی ائیرلائن کے آپریشنل اخراجات کا اہم ترین جزو ہوتا ہے، اس لیے قیمتوں میں حالیہ کمی سے فضائی کمپنیوں کے مالی بوجھ میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق جیٹ فیول سستا ہونے کے بعد اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ متعلقہ ائیرلائنز کریں گی۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت حالیہ عرصے میں جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر نمایاں کمی کر چکی ہے، جسے ہوا بازی کی صنعت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے سے قبل 28 فروری کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی۔