ویب ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے اپنے پہلے ہی ون ڈے میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے بولر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
21 سالہ عرفات منہاس نے آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 52 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ اور مجموعی طور پر پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلوی ٹیم 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد گرین شرٹس کو فتح کے لیے 201 رنز کا ہدف ملا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عرفات منہاس نے کہا کہ اپنے ڈیبیو میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنا ان کے لیے یادگار لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، جبکہ اس کامیابی کا کریڈٹ پوری بولنگ یونٹ کی مشترکہ کاوشوں کو جاتا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو پر بہترین بولنگ کا ریکارڈ ذاکر خان کے پاس تھا، جنہوں نے 1984 میں اپنے پہلے میچ میں 19 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔