اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یہ بھی اعلان کیا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت بھی 30 نومبر تک بڑھادی گئی ہے۔حکومت نے یکم نومبر سے یہ تمام ایل سیز کلئیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے فوری طور پر ایک لاکھ ڈالر تک مالیت کی ایل سیز کلئیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس وقت ایک لاکھ ڈالر مالیت کی ایل سیز کی تعداد 1365 ہے. وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ اس سے پہلے حکومت نے 50 ہزار ڈالر تک مالیت کی ایل سیز کلئیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس فیصلے کے تحت ایل سیز کے 4 ہزار 400 کیسز کلئیر ہو چکے ہیں۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایک لاکھ ڈالر مالیت کی ایل سیز کلئیر ہونے سے 5 ہزار 765 کیسز کلئیر ہو جائیں گے، ایل سیز کے باقی 2200 کیسز بھی جلد کلئیر کر دیے جائیں گے۔