ویب ڈیسک: پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف اور دانشمندانہ سفارت کاری کو سراہا ہے۔
اپنے بیان میں سعودی سفیر نے کہا کہ خلیجی ممالک پر حملے شدید تشویش کا باعث ہیں اور یہ خود مختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جن کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
نواف بن سعید المالکی نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور موجودہ بحران پر قابو پانے کے لیے دانشمندی، عالمی یکجہتی اور بین الاقوامی قوانین کا احترام ناگزیر ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کے مثبت اور متوازن سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی اصولوں پر قائم رہنا ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔