لاہور: ( پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سال نو کے موقع پر حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہو جائیں، اپنی حماقتوں کی سزا قوم کو نہ دیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے سال میں قوم کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے بچانے کے لئے ظالم حکومت سے نجات پانا ہوگی۔ شہباز شریف نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نیا سال قوم کو مہنگائی، بدانتظامی، معاشی بربادی، بھوک، بیماری، ظلم و ناانصافی کے عذابوں سے نجات کی شروعات کا سال بن جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو عوام کی سال نو پر خوشی بھی برداشت نہیں ہوئی۔ موجودہ حکومت کا دوسر ا نام ظلم، استحصال اور بے حسی ہے۔ عوام کو زندہ درگور کرنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوجائیں، اپنی حماقتوں کی سزا قوم کو نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال پر پٹرول بم پھینکنے سے بہتر تھا کہ عمران نیازی استعفی دے دیتے۔ دنیا میں حکومتیں خوشی کے تہواروں پر اشیاء سستی کرتی ہیں، عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرا دیا۔