ویب ڈیسک: چین کے معروف دفاعی و بین الاقوامی امور کے ماہر وکٹر گاو نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک اہم انٹرویو میں مودی سرکار کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پانی کو ہتھیار بنانے کی کوشش کی تو چین خاموش تماشائی نہیں رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق چین کے سینئر تجزیہ کار وکٹر گاو نے بھارتی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مودی سرکار کے ممکنہ آبی اقدامات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین دریا کے بالائی حصے پر ہے اور اگر بھارت نے نیچے والوں ( پاکستان) کے لیے پانی روکا، تو چین خاموش نہیں رہے گا، پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو چین اپنی اتحادی سالمیت پر حملہ سمجھے گا، بھارت دریا کے درمیانی حصے میں ہے، اسے خود سوچنا چاہیے کہ اگر نیچے والوں کے ساتھ زیادتی کرے گا، تو اوپر والا (چین) کیا کرے گا؟۔
وکٹر گاو نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہدوسروں کے ساتھ ویسا سلوک نہ کرو جیسا تم اپنے لیے پسند نہیں کرتے،چین پاکستان کی سالمیت، خودمختاری، اور قدرتی حقوق کے مکمل تحفظ کا حامی ہے، بھارت اور پاکستان کے درمیان سندھ طاس معاہدہ موجود ہے،اس کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی پامالی ہوگی،چین اور پاکستان کی دوستی آئرن کلاڈ ہے، ہم پاکستان کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
دفاعی مبصرین کا کہناہے کہ اگر بھارت خطے میں آبی توازن کو بگاڑتا ہے، تو چین برہمپترا کارڈ استعمال کر سکتا ہے۔
تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ وکٹر گاو کی وارننگ بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی کھلی حمایت پاکستان کی سفارتی فتح اور بھارت کی تنہائی کا ثبوت ہے۔