'لانگ مارچ کی حقیقت عیاں، ہدف آرمی چیف کی تقرری تھی'

'لانگ مارچ کی حقیقت عیاں، ہدف آرمی چیف کی تقرری تھی'
لندن :‌مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ کی حقیقت عیاں ہوچکی ہے، ہدف صرف آرمی چیف کی تقرری تھا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لندن میں پریس کانفرنس کی،ابتداء میں مریم نواز نے لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی صدف نعیم کے لواحقین سے تعزیت کی اور ان کے لیے دلی جذبات کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سوچ رہی تھی کہ یہ لانگ مارچ کیا ہے، اس کے مقاصد کیا ہیں؟ لانگ مارچ پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں لیکن اس کا کوئی قومی مقصد نہیں ہے، اس کا ہدف صرف آرمی چیف کی تقرری ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا ایک ہی ہدف آرمی چیف کی تقرری میں رخنہ ڈالنا ہے، ان کا یہ پلان بھی ناکام ہوگا، تقرری شہباز شریف آئین اور قانون کے مطابق کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ اتنے لوگ لانگ مارچ میں نہیں ہوتے جتنے سیکیورٹی اہلکار ہوتے ہیں، بے دردی سے قوم کا پیسہ اور وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ لانگ مارچ ان کا آخری پلان تھا، عوام کے مسائل اور تکالیف کا لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں۔ مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا پارٹ ٹائم لانگ مارچ 2 گھنٹے میں ختم ہو جاتا ہے، 5 دن سے یہ لانگ مارچ لاہور میں پھنسا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دوپہر میں شروع کر کے شام 6 بجے ختم کر دیتے ہیں اس طرح تو یہ لانگ مارچ ایک مہینے میں بھی اسلام آباد نہیں پہنچے گا، یہ سڑک پر چلتی ٹریفک سے خطاب کر رہے ہوتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔