ویب ڈیسک: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کے والد آصف علی زرداری کی صحت بہتر ہے اور ڈاکٹرز کی طرف سے صدرِ مملکت کو آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری کے پاؤں میں دبئی ایئر پورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے فریکچر ہوگیا تھا۔
ایوانِ صدر کے مطابق اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے چیک اپ کے بعد ان کے پاؤں پر 4 ہفتے کے لیے پلاسٹر کردیا ہے۔
صدر زرداری اسپتال سے گھر منتقل ہو گئے ہیں، ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا ٹیلیفونک رابطہ:
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے صدرِ مملکت آصف زرداری کی صحت دریافت کی۔
انہوں نے صدر آصف زرداری کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے اپنے والد کے لیے نیک خواہشات پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا فون، صدرمملکت کی خیریت دریافت کی:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے پاؤں میں فریکچر پر ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
آغاسراج درانی کی سندھ اسمبلی میں صدر کی صحتیابی کیلئے دعا:
سندھ اسمبلی اجلاس میں ارکان اسمبلی نے صدرمملکت کی صحت کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔ سینئر پی پی رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اپنے بیان میں کہا کہ صدرزرداری کے پاٶں میں فریکچرہوگیا ہے۔ صدرمملک آصف زرداری کی صحتیابی کے لیے دعاکراٸی جاٸے۔