ویب ڈیسک: موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رواں سال مون سون کے دوران ملک بھر میں معمول سے زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ لیکن پری ونٹر بارشوں میں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالعزیز کے مطابق موسم سرما سے پہلے کی بارشوں میں کمی متوقع ہے اور اس کی بڑی وجہ موسم کے انداز میں تیزی سے تبدیلیاں ہیں۔ موسم سرما کے آخر میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔
عبدالعزیز نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی موسم سرما میں کم برف باری ہو سکتی ہے، اگر برف باری کم ہوئی تو اس کا اثر اگلے سال کے مون سون پر پڑے گا اور امکان ہے کہ آئندہ مون سون زیادہ شدید ہو ۔
محکمہ موسمیات نے اس صورتحال کو موسمیاتی تبدیلیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسم کے انداز میں تیزی سے تبدیلیاں ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے نظام کو متاثر کر رہی ہیں۔