لاہور ( پبلک نیوز ) مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اس حکومت نے پولیس ریفارمز اور نظام کو تبدیل کرنے کے صرف جھوٹے نعرے لگائے، آج حالات دن بدن بدتر ہوتے جارہے ہیں ،رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں پنجاب میں 6,754خواتین اغوا،1890کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، 3,721خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ 752بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ عثمان بزداربطور چیف ایگزیکٹیو خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ، خواتین کے ساتھ زیادتی،اغواءاور تشدد کے واقعات سب سے زیادہ لاہور میں پیش آئے ہیں ، پولیس کی کارکردگی اور روایتی طریقہ بھی ایسے واقعات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، آج لاہور میں پھر دو خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پنجاب میں لاءاینڈ آڈر کی صورتحال انتہائی تشویشناک صورتحال حد تک بگڑ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومتی عہدیدار یا افسر اپنی ذمہ داری پوری کو نہیں کررہا ، پنجاب آج مکمل طور پر لاوارث اور بے سہارا صوبہ بن چکا ہے، پولیس افسران تبدیل کرنے سے نظام بہتر نہیں ہوسکتا، جب صوبے کا چیف ایگزیکٹیو وٹس ایپ پر چلے گا تو صورتحال ایسی ہی ہو گی۔