اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کےکل 13 ممبران ہیں ، وزیر اعظم پاکستان چیئرمین ہوں گے، قومی اقتصادی کونسل ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لینے ، اور مالیاتی ، تجارتی ، معاشرتی اور اقتصادی پالیسیز کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ذمہ دار ہے ۔ صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 156 ایک اور رولز آف بزنس کے تحت دی ، قومی اقتصادی کونسل میں وزیر اعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں ، قومی اقتصادی کونسل میں چار صوبوں سے نگران حکومتوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ پنجاب سے نگران وزیر توانائی و انڈسٹری ، کامرس، سرمایہ کاری اور ہنر مندی ، ایس ایم تنویر کونسل میں شامل ہیں جبکہ سندھ سے وزیر خزانہ ، محصولات ، منصوبہ بندی و ترقی ، محمد یونس ڈگھا، کونسل میں شامل ہیں۔ خیبر پختونخواہ سے وزیر خزانہ ، محصولات، ایکسائز، ٹیکسیشن اور منشیات، احمد رسول بنگش ، کونسل میں شامل ہیں۔ بلوچستان سے وزیر خزانہ و محصولات ، امجد رشید ، بھی قومی اقتصادی کونسل میں شامل ہیں،وفاق سے وزیر خزانہ ، محصولات ، اقتصادی امور اور نجکاری بھی کونسل کے ممبر ہوں گے۔ وزیرِ منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات اور وفاقی وزیر ِمواصلات، ریلویز و بحری امور بھی کونسل میں شامل ہوں گے ۔ قومی اقتصادی کونسل میں نگران وفاقی وزیر توانائی اور پٹرولیم بھی شامل ہیں۔