وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی حمایت کردی

وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی حمایت کردی

(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی  خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی حمایت کر دی۔

کے پی ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی   علی امین گنڈا پور نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کافیصلہ کیوں کیاگیا اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا جو بھی پلان ہے وہ عمران خان کاہی ہے اوراس پر ہی عمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  ہمارے یہاں غیرمعمولی کلاؤڈبرسٹ ہوئے اورپتھروں نے سب کچھ تہس نہس کردیا،  ہم 24 گھنٹوں میں سب علاقوں تک پہنچے اور لاشیں وزخمی نکالے سیلاب کی وجہ سے 409 افراد جاں بحق ہوئے، ہم نے اموات کامعاوضہ 10 سے بڑھاکر 20 لاکھ کردیا۔گھروں اوراملاک کے لیے بھی معاوضوں کی رقم کو 4 لاکھ سے 10 لاکھ اورجزوی کے لیے 5 لاکھ روپے معاوضہ کردیاہے، کمرشل املاک کامعاوضہ بھی پہلی مرتبہ5 لاکھ دیا جارہا ہے ۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا  نے کہا کہ پاکستان میں ایسی آفات کے حوالے سے کام نہیں کیاگیانہ ہی ڈیم بنائے گئے ہم نے گزشتہ سال 6 ڈیم مکمل کیے، جس کی وجہ سے  نقصانات کم ہوئے، ہم مختلف اضلاع میں ڈیم بنارہے ہیں تاکہ مسائل کم ہوں،  ہم پشاورکے تحفظ کے لیے جبہ ڈیم بنارہے ہیں، بڈھنی پشاورسے سیلاب سے بچائو کے لیے حفاظتی دیواربنائی جارہی ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ  بونیر میں کلاؤڈبرسٹ ہواہے جس کادرختوں سے کوئی تعلق نہیں، یہ موسم میں حدت کی وجہ سے ہورہے ہیں جوکہیں بھی ہوسکتے ہیں،  پتھروں کوسیلاب کے ساتھ روکنے کے لیے سوئزرلینڈکی طرز پرنیٹ لگائے جائیں گے۔

وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم کچھ ڈیمز کے نام لینے سے ہم ڈرتے ہیں،  کالاباغ ڈیم ریاست کے لیے ضروری ہے،کالاباغ ڈیم پرقراردادیں، تحفظات کی وجہ سے ہیں بات ہوتوتحفظات دورہوسکتے ہیں ، تربیلااورمنگلا بھی بنے جن کی وجہ سے نقصانات ہوئے توتربیلا سے بھی ہوجائیں گے۔

Watch Live Public News