ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مری، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور اور ساہیوال سمیت متعدد شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سوات، پشاور، مانسہرہ، چترال اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے، جھیلوں کے پھٹنے (جی ایل او ایف) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مزید برآں، 2 سے 5 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مویشیوں اور قیمتی اشیاء کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ بارش اور آندھی کے باعث حدِ نگاہ متاثر اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، لہٰذا ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات مکمل کرنے کا کہا گیا ہے۔