ویب ڈیسک: فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے دسمبر کے مہینے میں گزشتہ کسی بھی سال کے دسمبر کے مقابلے میں ریکارڈ ٹیکس وصولی کی۔
ایف بی آر حکام نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر نے دسمبر میں 1427 ارب 10 کروڑ روپے کا ٹیکس ریونیو جمع کیا، جو ماہانہ ہدف 1446 ارب روپے کا 99 فیصد ہے۔
حکام کے مطابق، یہ کسی بھی سال کے دسمبر میں سب سے زیادہ ٹیکس وصولی ہے۔ ان لینڈ ریونیو سروس نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1310 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1308 ارب روپے وصول کیے، جو کہ 99.8 فیصد ہے۔
اس کے علاوہ، نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکس وصولی میں 59 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ نومبر میں وصولی 898 ارب روپے تھی، جو دسمبر میں بڑھ کر 1427.1 ارب روپے ہو گئی۔