عدلیہ کی آزادی نہ ہوئی تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باری بھی آئے گی:عمرسرفرازچیمہ

عدلیہ کی آزادی نہ ہوئی تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باری بھی آئے گی:عمرسرفرازچیمہ
کیپشن: عدلیہ کی آزادی نہ ہوئی تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باری بھی آئے گی:عمرسرفرازچیمہ

ویب ڈیسک: سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ہماری پوری جدوجہد عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آج عدلیہ آزاد نہ ہوئی تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کل اسی نظام کا شکار ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم نے ظلم سہہ لیے ہیں لیکن جب ان لوگوں کی باری آئے گی تو یہ برداشت نہیں کر سکیں گے۔" انہوں نے دعویٰ کیا کہ سمبڑیال الیکشن نے ایک بار پھر عوامی رائے کا واضح پیغام دے دیا ہے۔

سابق گورنر نے کہا کہ انہیں جن مقدمات میں نامزد کیا گیا، وہ ان واقعات کے وقت موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 9 مئی کا مقصد صرف تحریک انصاف کو توڑنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پر اصل ناراضگی 9 مئی کی نہیں بلکہ اس وقت کی ہے جب انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد مقدمہ درج کرانے پر زور دیا۔ اگر یہی حملہ نواز شریف یا بلاول پر ہوتا تو وہ بھی ان کی مرضی کی ایف آئی آر درج کرنے پر زور دیتے۔

انہوں نے اپنے اوپر عسکری ٹاور پر حملہ کرنے اور فائرنگ کے الزام کو بھی بے بنیاد قرار دیا، اور کہا کہ "اگر میرے خلاف کوئی ایک ویڈیو یا ثبوت موجود ہے کہ میں اس جگہ موجود تھا، تو سامنے لایا جائے۔"

عمر چیمہ نے مزید کہا کہ 2 سال سے جیلوں میں قید ہیں مگر ابھی تک ایک بھی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔ 9 مئی کے مقدمات میں سرکاری گواہ بھی خوفِ خدا کے تحت بیانات دینے سے انکاری ہو چکے ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ جن افراد نے 9 مئی کے بعد پریس کانفرنسز کر کے الزامات لگائے، ان کے خلاف چالان تک دائر نہیں کیا گیا۔

Watch Live Public News