ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور آندھی کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری متوقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جب کہ سندھ اور بلوچستان کے اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور موسم خشک اور شدید گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو موسمی تبدیلیوں کے پیشِ نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، خصوصاً کسانوں اور مسافروں کو پیشگی تیاری کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیا ت نے کراچی والوں کو اچھی خبر سناتے ہوئے بارش کا امکان ظاہر کردیا ہے۔5 مئی سے شہر میں بادل برسیں گے،5 مئی کی شام کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بارش کا سلسلہ ایک سے دو روز تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 5 مئی سے سندھ پر اثرانداز سسٹم کو بحیرہ عرب سے نمی سے تقویت ملے گی،اس سسٹم کے تحت کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔