لاہورہائیکورٹ: مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور

لاہورہائیکورٹ: مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور
لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مریم نواز کی پاسپورٹ کے حصول کے لیے دائر متفرق درخواست کی سماعت کی۔ مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کے لیے درخواست پر سماعت کے دوران لاہورہائی کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ کے روبرو مریم نواز کے وکیل امجد پرویز اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سماعت کے بعد لیگی رہنما مریم نواز کی درخواست منظور کرتے ہوئے پاسپورٹ انہیں واپس کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں ۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے عدالتی تحویل میں موجود اپنا پاسپورٹ واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنا پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جسے سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا تھا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل 3 رکنی فل بنچ 14نے ستمبر کو اس کی سماعت کی تھی۔ مریم نواز کو اگست 2019 میں چوہدری شوگر ملز کیس میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ جیل میں اپنے والد اور پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کر رہیں تھیں۔ مریم نواز 48 دن اس کیس میں نیب کی حراست میں رہیں تھیں جس کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت بعد از گرفتاری میں رہا کیا تھا تاہم انہوں نے عدالتی حکم کے مطابق سات کروڑ روپے نقد اور اپنا پاسپورٹ ڈپٹی رجسٹرار کے پاس رکھوا دیا تھا۔ مریم نواز نے اپنے پاسپورٹ واپسی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا لیکن ہائی کورٹ کے ججز چار بار مریم نواز کا کیس سننے سے معذرت کر چکے تھے۔ 8 ستمبر کو بھی لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست سننے سے معذرت کر لی تھی۔ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس انوارالحق پنوں پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کرنا تھی تاہم جیسے ہی سماعت کا آغاز ہوا تو بینچ کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ یہ فائل واپس چیف جسٹس آفس میں جا رہی ہے۔ مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ میں ایک نئی درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ان کا پاسپورٹ واپس کیا جائے جو چار سال قبل ضمانت کے طور پر اسی عدالت میں رکھوایا گیا تھا۔ مریم نواز نے اپنی نئی درخواست میں کہا تھا کہ چار سال قبل جس مقدمے میں نیب نے انہیں گرفتار کیا تھا اس میں آج تک نہ تو ان پر کوئی فرد جرم عائد کی گئی اور نہ ہی اس کیس کا ٹرائل شروع ہوا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔