بنگلہ دیش کا اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان، شاہد آفریدی کا بیان آگیا

بنگلہ دیش کا اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان، شاہد آفریدی کا بیان آگیا

ویب ڈیسک:سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی حمایت کردی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آئی سی سی کا انڈیا کے حق میں جھکاؤ نمایاں طور پر نظر آتا ہے، حالانکہ یہ ادارہ صرف ایک ملک کے لیے نہیں بلکہ تمام ممبر ممالک کے لیے بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئی سی سی انڈین کرکٹ کونسل نہیں بلکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ درست ہے اور جواز رکھتا ہے، اب آئی سی سی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے میچز کسی دوسرے مقام پر منتقل کرے۔

 سابق کپتان نے  کہاکہ کرکٹرز ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کے خواہاں ہوتے ہیں اور ہر ملک چاہتا ہے کہ ان کے یہاں کرکٹ ہو۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کرکٹ کے فروغ کے خواہاں ہیں، لیکن بھارت کی طرف سے مناسب حمایت نہ ملنے کے باعث صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے، اور آئی سی سی کو اب اس معاملے پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈکپ کے سلسلے میں باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔

بورڈ کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت اور سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے، اور اس کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا۔

 مزید بتایا گیا کہ حکومت سے مشاورت کے بعد یہ قدم اٹھانا ناگزیر تھا، اور بنگلہ دیشی ٹیم اس صورتحال میں بھارت کا دورہ نہیں کرے گی، بورڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ متعلقہ میچز کسی دوسرے ملک منتقل کیے جائیں۔

Watch Live Public News