ویب ڈیسک: وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر سے ملاقات، وزیر اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے خانکندی میں ملاقات ہوئی، ملاقات 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے ترکیہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا ، دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین تمام اہم شعبوں میں تعلقات میں بامعنی پیش رفت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، دفاع، توانائی، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تبادلے سے دونوں رہنماؤں کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کو جلد حتمی شکل دی جا سکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے ترکی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔