ویب ڈیسک: صدارتی انتخاب کے لیے اتحادی جماعتوں کے امید وار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے نامزد صدارتی امیدوار محمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدارتی امیدوار کےلئے آصف علی زرداری کے کاغذات منظور کرلئے ہیں ، اپوزیشن کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے کاغذات بھی منظور ہوگئے ہیں ۔ صدارتی انتخابات کے ریٹرنگ افسر نے امیداروں کی فہرست نوٹس بورڈ پر چسپاں کردی ہیں ۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن میں صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے فاروق نائیک اور شہادت اعوان پیش ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوارمحمود خان اچکزئی کے ہمراہ علی محمد خان، عامر ڈوگر سمیت دیگر الیکشن کمیشن پہنچے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے صدارتی امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے تھے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر صدارتی انتخابات کے ریٹرننگ افسر ہیں انہوں نے اسکروٹنی کے بعد سابق صدر کے کاغذات منظور کیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا اور ان کے بطور صدارتی امیدوار کاغذات منظور کرلیے گئے۔
فاروق نائیک نے مزید کہا ہے کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، آصف زرداری دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوں گے۔
سنی اتحاد کونسل کے نامزد صدارتی امیدوارمحمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پراعتراض آگیا، صدارتی امیدوار اصغر علی مبارک نے عائد کیا۔
ریٹرننگ آفسر نے دلائل کے بعد اعتراض سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت کا انتخاب 9 مارچ کو ہوگا۔