وزیر اعظم کا بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، اہم اعلانات

وزیر اعظم کا بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، اہم اعلانات
کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف مزدوروں کے لئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے کوئٹہ پہنچے، انہیں ضلع کچھی میں سیلاب سے متاثر ہونے والی روڈ اور ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں یہ بتایا گیا کہ سروے کیلئے باہر کے کنسلٹنٹ لا رہے ہیں اور انفراسٹرکچر کی بحالی میں بہتر کام کریں گے۔ وزیر اعظم نے انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو سراہا اور کہا کہ انجینئرز اور حکام نے جو کام کیا وہ قابل تحسین ہے، سیلاب سے پورے ملک میں ہی تباہی پھیلی ہے۔ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہو گئے جبکہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ کے بعد بلوچستان متاثر ہوا لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے اور فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ سب لوگوں نے محنت کی ہے اور انہیں شاباش دیتا ہوں اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا اور امید ہے تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے۔ محکمے کے لوگوں نے بتایا کہ بڑی محنت سے کام کیا اور جلد گیس پائپ لائن بھی بحال ہو جائے گی۔ گیس کی جو مرمت کر رہے ہیں انہیں 10 لاکھ روپے دیں گے اور جو کمیٹی بنائی ہے وہ امانت اور دیانت سے سب کچھ ان کے حوالے کرے گی۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہو رہے ہیں اور بدقسمتی سے 400 بچے جان کی بازی ہار گئے جو مجموعی ہلاکتوں کی ایک تہائی تعداد بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف اور دیگر عالمی اداروں سے بچوں کی جان بچانے کیلئے بھی امداد کی اپیل کرتا ہوں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔