فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی تعلقات مضبوط ہوئے، چیئرمین پاکستان علماء کونسل

فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی تعلقات مضبوط ہوئے، چیئرمین پاکستان علماء کونسل
کیپشن: فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی تعلقات مضبوط ہوئے، چیئرمین پاکستان علماء کونسل

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دفاعی تعلق اور اسٹریٹجک شراکت داری آج ایک نئے اور مضبوط مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ اس پیش رفت کے پسِ پشت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دوراندیش سوچ، حکمت و تدبر اور اتحادِ اُمت کا وژن، جبکہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت، تعاون، تحمل اور پاکستان پر غیر متزلزل اعتماد نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔

مکہ معاہدہ کے حوالے سے ہونے والی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےچیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مشکل علاقائی اور عالمی حالات میں دونوں قیادتوں نے تصادم کے بجائے حکمت، اشتعال کے مقابلے میں تحمل اور اختلافات کے مقابلے میں باہمی اعتماد، مکالمے اور تعاون کا راستہ اختیار کیا۔ یہی طرزِ فکر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے عالمِ اسلام کے اتحاد، امن اور مشترکہ استحکام کی بنیاد مضبوط کر رہا ہے۔  اسی سوچ اور جذبۂ وحدت کی عملی تصویر پاکستان کے اندر قومی پیغامِ امن کمیٹی کی جدوجہد میں بھی نظر آتی ہے جو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ویژن کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی نے ملک میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی، قومی وحدت، رواداری اور ریاست و مذہبی قیادت کے درمیان اعتماد و مکالمے کے فروغ کے لیے جو کردار ادا کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ مختلف مکاتبِ فکر اور طبقات کو پاکستان کے امن، استحکام اور قومی سلامتی کے مشترکہ مقصد پر یکجا کرنا یقیناً ایک اہم قومی خدمت اور ہماری تاریخ کا ایک یادگار باب ہے۔

Watch Live Public News