لسبیلہ ہیلی کریش کے بعد سوشل میڈیا کیمپین پر افواج پاکستان کا ردعمل آگیا. آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہداء اور اُن کے لواحقین کی دل آزاری کی گئی، شہداء کے اہلخانہ اور افواج ِ پاکستان کے رینک اینڈ فائل میں شدید غم وغصہ اور اضطراب ہے. پاک فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی،کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ او ر توہین آمیز مہم جوئی کی گئی، یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہے. واضح رہے کہ بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر پیر یکم اگست کو خراب موسم کے باعث ضلع لسبیلہ میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔ حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ افراد شہید ہو گئے تھے۔ شہداء میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی اور انجینئرنگ کور کے بریگیڈیئر محمد خالد ، پائلٹ میجر سعید احمد، پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔