ویب ڈیسک: وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 26ویں یومِ شہادت پر ملک بھر میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں شہید کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا سے ہوا۔
تفصیلات کے مطابق علماء کرام نے تقاریر میں شہید کی قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے سب سے بڑے مقام پر فائز ہوتے ہیں۔
علماء کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون قوم پر قرض ہوتا ہے اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک قائم و دائم ہے،جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں، وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں، شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور کیپٹن کرنل شیر خان شہید قوم کا وہ بہادر سپوت تھا جو ہر دل میں زندہ ہے۔"
علماء کرام نے زور دیا کہ قوم کے شہداء کی قربانیاں ملکی استحکام اور عظمت کی روشن علامت ہیں، اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔