واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں موٹاپا ایک بہت سنگین مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے اکثر ایسے طریقے اختیار کئے جاتے ہیں جو جان لیوا بھی ثابت ہوتے ہیں لیکن امریکہ میں ایک ایسے انجکشن کورس کی منظوری دی گئی ہے جسے طب دان ایک تاریخی تبدیلی اور دوا قرار دے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق امریکی ایڈمنسٹریشن نے موٹاپا کنٹرول کرنے کیلئے ایک نئی دوا کے استعمال کی منظوری دیتے ہوئے اس کے استعمال کو انسانی صحت کیلئے تسلی بخش قرار دیا ہے جس کے بعد موٹاپا اب کوئی مسئلہ نہیں رہے گا ٗ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے آفیشل ویب سائٹ پر اس دوا کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔نوو نورڈیسک نامی کمپنی کی طرف سے تیار کئے جانیوالے انجکشن کورس کا نام ویگووی رکھا گیا ہے ٗ جو مریض کو ہر ہفتے ایک انجکشن کی شکل میں دیا جائے گا ٗ اس دوا سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریضوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے موٹاپا کے شکار افراد کی مدد ہو سکے گی ۔ماہرین کے مطابق کم توانائی والی خوراک اور ورزش کے ایک مربوط نظام کے ساتھ یہ دوا زیادہ اثر کرتی ہے ٗ ایف ڈی اے کے عہدیدار جان چیرٹس نے بتایا کہ یہ اجازت ان افراد کیلئے ایک کشش رکھتی ہے جن کیلئے موٹاپا ایک مسلسل درد سر بنا ہوا ہے ٗ یہ دوا ذیابیطس کے مریضوں میں انسولین کی پیداوار میں اضافہ کرتی ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔یاد رہے کہ موٹاپا ایک ایسی بیماری ہے جو پوری دنیا میں 800 ملین سے زائد افراد کو متاثر کرتی ہے۔ ڈائٹ اور دیگر ادویات کے ذریعے لوگ موٹاپا کنٹرول کرنے کی کوشش میں متعدد بار اپنی صحت کو تباہ کر لیتے ہیں۔